سندھ حکومت نیب ایکٹ کو ختم نہیں کرسکتی، آئین کے تحت وفاقی قانون ہی رائج رہے گا: وفاقی وزارت قانون


3اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاق نے سندھ کے انسداد بدعنوانی کے مجوزہ قانون کو ناقابل اطلاق قرار دے دیا۔سندھ حکومت نیب ایکٹ کو ختم نہیں کرسکتی ، آئین پاکستان کے تحت صوبے میں وفاقی قانون ہی رائج رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق سند ھ حکومت کی جانب سے گذشتہ روزنیب ایکٹ 1999ءکے خاتمے کیلئے تیار کئے گئے انسداد بدعنوانی بل 2017ءکو وفاقی وزارت قانون نے مسترد کردیا ہے۔ وفاقی وزارت کے مطابق سندھ حکومت کا انسداد بدعنوانی کا قانون نافذ نہیں ہو سکتا، آئین کے آرٹیکل 142، 143 کے تحت وفاقی قانون ہی رائج رہے گا، کوئی صوبہ نیب قانون کو ختم کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ وفاقی وزارت قانون نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ایک ہی معاملے پر دو قوانین کی صورت میں وفاقی قانون کو برتری حاصل ہوتی ہے۔