مظفرآباد،آزادومقبوضہ کشمیرمیں نمازتراویح میں تکمیل قرآن کی تقریبات کل منعقد ہونگی


1498058745dailyausaf

مظفرآباد(آئی این پی) ملک بھر سمیت آزادومقبوضہ کشمیرمیں شبِ قدر اورنمازتراویح میں تکمیل قرآن کی تقریبات کل جمعرات کومنعقدہونگی، روح پروراجتماعات کی تیاریاں مکمل، بیشتر چھوٹی بڑی مساجد ، مدارس اورخانقاہوں میں تکمیل قرآن کی تقریبات اور لیل القدر کے حوالہ سے خصوصی اجتماعات کا انعقادہوگا۔ آزادکشمیر میں سب سے بڑااجتماع ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کی جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین مرکزی عیدگاہ میں منعقدہوگاجس کا اہتمام حسب سابق مرکزی سیرت کمیٹی نے کیاہے۔ جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین مرکزی عیدگاہ میں ” محفلِ لیل القدروشب بیداری ” کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اورخواتین کیلئے خصوصی باپردہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام مسجد خادم الحرمین الشریفین مرکزی عیدگاہ میں تقریب تکمیل قرآن کریم ،محفل حسن قرات،اجتماعی صلو التسبیح، محفل ذکراوراجتماعی دعاکاانعقادکیاجائے گا۔شب بیداری کی محفل میں نامور قرا ‘نعت خواں حضرات اور جیدعلما کرام خصوصی طورپر شرکت کریں گے۔مرکزی سیرت کمیٹی نے اس حوالہ سے تیاریاں مکمل کرلی ہیں جبکہ شہر کی دیگر مساجد میں بھی تکمیل قرآن کے حوالہ سے اجتماعات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضانے کہاہے کہ مرکزی سیرت کمیٹی نے حسب سابق امسال بھی ستائیسویں شب کے حوالہ سے اجتماعات کے حوالہ سے شیدول جاری کردیاہے جس کے مطابق شہرومضافات کی تمام چھوٹی بڑی مساجد اور خانقاہوں میں اجتماعات ہوں گے
جبکہ حسب سابق سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین مرکزی عیدگاہ میں منعقدہوگا۔ مرکزی عیدگاہ میں منعقدہ اجتماع میں خواتین کیلئے خصوصی باپردہ انتظامات کئے جائیں گے۔ مسجد خادم الحرمین الشریفین مرکزی عیدگاہ میں منعقدہ اجتماع میں رات ساڑھے دس سے گیارہ بجے تک تقریب تکمیل قرآن کریم کی تقریب، حفاظ کرام کی دستار بندی،رات ساڑھے گیارہ سے بارہ بجے تک انفرادی عبادت،بارہ بجے سے پونے ایک بجے تک محفل حسن قرات،رات ایک سے رست ڈیڑھ بجے اجتماعی صلو التسبیح، محفل ذکراوراجتماعی دعا کاانعقادکیاجائے گا۔اس عظیم الشان اجتماع میں نامور قرا نعت خواں حضرات اور جیدعلما کرام خصوصی طورپر شرکت کریں گے۔اجتماع کے حوالہ سے انتظامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضا کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہاگیاہے کہ مرکزی سیرت کمیٹی نے شب بیداری لیل القدر کے حوالہ سے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ماہ صیام کی رحمتوں سے مستفیدہونے بالخصوص آخری عشرہ’ جو مسلم امہ کیلئے نارجہنم سے آزادی کا بہترین زریعہ بنادیاگیاہے سے مستفیدہونے کیلئے لیل القدر کی بابرکت ساعتوں میں اجتماعی عبادات میں جوق درجوق شامل ہوں۔ماہ رمضان المبارک ہم سے جداہورہاہے اورنامعلوم آئندہ رمضان المبارک کس کس خوش نصیب کے حصہ میںآتاہے۔ ان مبارک لمحات میں اپنے گناہوں سے تائب ہوکر اللہ کی رحمتوں سے فیض یاب ہوں۔